نئی دہلی 29جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت نے دہلی اسمبلی کا سات روزہ بجٹ اجلاس 22 فروری سے بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک سرکاری بیان میں منگل کو بتایاگیاہے کہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی صدارت والی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا۔حکومت نے ایک بیان میں کہاہے کہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی صدارت والی کابینہ نے منگل کو ہوئی میٹنگ میں 22 سے 28 فروری2019 تک چھٹی دہلی اسمبلی کے آٹھویں سیشن (بجٹ سیشن) کو بلانے کی سفارش کی ہے۔گزشتہ سال، آپ حکومت نے اسمبلی میں 2018۔19 کے لیے 53 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا تھا جس میں ماحول، صحت، تعلیم اورپانی پرزوردیاگیاتھا۔نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے گزشتہ سال اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں کہا تھا کہ یہ حکومت کاپہلا’’ ماحول دوست بجٹ‘‘ ہے جس کا مقصد شہر میں آلودگی پر لگام کسناہے۔